گوہاٹی، 17؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ایم پی جے رام رمیش نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی یکم نومبر کو 'بھارت جوڈو یاترا' کے آسام ورژن کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کو پٹری سے نہیں اتار سکیں گے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ "اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہیمنت سرما پارٹی کے ممبران اسمبلیوں کو متاثر کرنے کی کتنی ہی کوشش کرلیں، کانگریس روکے گی نہیں۔ ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے کہ اگر کوئی ایم ایل اے ہیمنت سرما کی طرح پارٹی چھوڑ دیتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ ہیمنت سرما کانگریس کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں اور آسام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے پر توجہ دیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں ملک کو ایک طرح سے تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ملک کو زبردست اقتصادی عدم مساوات، سماجی پولرائزیشن اور اقتدار کی مرکزیت کا سامنا ہے۔ بی جے پی نے سماج کے مختلف طبقات میں بڑے پیمانے پر تقسیم پیدا کر دی ہے۔" کئے رام رمیش نے کہا، "آج لوگ مذہب، ثقافت اور یہاں تک کہ کھانے پینے کے معاملے پر تقسیم ہیں۔ ریاستی حکومتوں کے اختیارات وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے چھین لیے ہیں۔"